ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، میر زبیر جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر داخلہ بلوچستان میر زبیر جمالی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اُنہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیاہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے، اس کے بغیرخطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن ہی نہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے بیان میں وزیرداخلہ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام ایک طویل عرصے سے آزادی کیلئے جو جنگ لڑ رہے ہیں اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہاکہ انشاء اللہ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہنے والے بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام پرجس ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ تقریباً گزشتہ 3 سال سے جس طرح یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے بھارت نے کشمیری عوام کا محاصر ہ کر رکھا ہے وہ پوری بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگراداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اُنہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پرامن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا۔ میر زبیر جمالی نے کہا کہ موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے حق خود ارادیت کی نہ صرف حمایت کرتی ہے بلکہ تمام دستیاب فورمز پر کشمیری عوام کی آواز اُٹھانے میں پیش ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے