پیپلز پارٹی عوام کو معاشی ناہمواریوں سے نکال کر استحکام اور خوشحالی کے دور میں لائے گی، سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد ہی ملک میں سیاسی اور معا شی استحکام آئے گا بھٹو شہید کے فلسفہ کے مطابق پیپلز پارٹی عوام کو معاشی ناہمواریوں سے نکال کر استحکام اور خوشحالی کے دور میں لائے گی اور ماضی کی طرح کسانوں، مزدوروں،اور سرکاری ملازمیں کو خوشحال بنا کر غربت، بیروزگاری، بھوک اور افلاس کا خاتمہ کرے گی۔یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،حلقہ پی بی 44سے نامزد امیدوار حاجی میر عبیداللہ گورگیج، صوبائی رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خان خلجی پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن سردار عمران بنگلزئی صوبائی رہنما حاجی لعل محمد جتک پیپلز ڈاکٹر فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غنی بنگلزئی، بہاول بنگلزئی نے ہفتہ کو کلی ملک جان خان بنگلزئی سبزل روڈ پر منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر آل کوئٹہ رکشہ یونین کے جنرل سیکرٹری محمد طارق کشمیری ٗبی این پی کے ڈپٹی یونٹ سیکرٹری حافظ برکت بنگلزئی، ٹکری مولاداد بنگلزئی، سعد اللہ کاکڑ، محمد افضل بنگلزئی، عظیم جان بنگلزئی نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی کونسل اراکین ندیم احمد خان، میر خالد خان جمالی، میر عادل بنگلزئی، میر عبدالغنی بنگلزئی، میر مراد بنگلزئی، دلاور بنگلزئی، اصغر بنگلزئی، اسد بلوچ، وسیم احمد خان، آصف بنگلزئی عبدالمالک، دین محمد، نعیم احمد خان، فرید احمد،فیضان احمد خان،و دیگر بھی موجود تھے۔ مقررین نے محمد طارق کشمیری اوردیگر کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکبا د دیتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان نے ہر دور حکومت میں پاکستان کے مزدور،کسان،نوجوان، خواتین اور تاجروں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے،پیپلز پارٹی عوام کی بجائے اشرافیہ کے اخراجات کم کر کے عوامی قربانیوں سے مظلوم عوام کو نکالے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی عوام کو ریلیف دیا ہے عوام 8فروری کوووٹ کے ذریعے ایسے امیدواروں کو مسترد کردیں جنہوں نے ماضی میں عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 10نکاتی منشور کااعلان کیا ہے جس میں ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان ”تیر“ پر مہرلگاکر انہیں کامیاب بنائیں تاکہ ملک کو دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کیا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے