عوام کی خوشحالی اور کوئٹہ کے مسائل حل کرنے کیلئے میدان میں اترے ہیں، زرک خان مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما حلقہ پی بی 42 کوئٹہ 5سے نامزد امیدوار زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ عوام کی خوشحالی اور کوئٹہ کے مسائل حل کرنے کیلئے میدان میں اترے ہیں، کامیابی کے بعد اپنے عوام کو مایوس نہیں کرینگے،اقتدار میں آکر ڈومیسائل اور لوکل سر ٹیفکیٹ کا فرق ختم کر دینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں کلی ناصران،جان محمد روڈ کوچہ شیر محمد، کواری روڈ، گوردت سنگھ روڈ اور دیگر علاقوں میں کارنر میٹنگز اور معتبرین شہر سے گفتگو میں کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتدار سے باہر رہ کر بھی عوام کی خدمت کی ہے،طوغی روڈ اور گردونواح میں گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ حل کروایا جس سے علاقے کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے، عوام کیلئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں،اللہ تعالیٰ نے موقع دیا توسب سے پہلے یہاں ڈومیسائل اور لوکل سر ٹیفکیٹ کا فرق ختم کر دینگے، کیونکہ اس شہراور صوبے میں بسنے والے تمام افراد برابر ہیں،بلوچستان میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پورے ملک کی مقبول جماعت ہے جس پر عوام نے ہمیشہ اعتماد کیا ہے، 2018میں ہماری یقینی کامیابی کو شکست میں بدلا گیا مگر عوام کے دلوں سے مسلم لیگ ن اور ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کی محبت کو ختم نہیں کیا جا سکا۔ مسلم لیگ اس بار بھرپور عوامی طاقت کیساتھ اقتدار میں آئیگی اورترقی و خوشحالی کے سفر کو دوبارہ اسی انداز میں شر وع کرے گی۔ اس موقع پر متعدد سیاسی کارکنوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اور پی بی 42 کوئٹہ 5سے نامزد امیدوار زرک خان مندوخیل کی حمایت کا اعلان کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے