عام انتخابات 2024ء کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)الیکشن کمیشن نے انتخابات 2024ء کیلئے ملک کے تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کرلی، 31 اضلاع کے علاوہ باقی تمام اضلاع میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی مکمل کرلی گئی، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید کاغذ استعمال کیا گیا۔اسلام آباد میں بیلیٹ پیپرز کی طباعت کے حوالے سے الیکشن کمیشن حکام نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل ہوگئی، سیکیورٹی خدشات اور سخت موسم والے علاقوں میں فضائی راستے سے ترسیل کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 14 جنوری سے شروع ہونیوالا طباعت کا کام 2 فروری کو مکمل کرلیا گیا، سپریم کورٹ کے حکم پر قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 5 حلقوں کے بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپے گئے، ان 16 حلقوں کے پرانے بیلٹ پیپرز کو ضابطہ اخلاق کے مطابق تلف کردیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای سی پی حکام کے مطابق اس مرتبہ 26 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں، 2018ء کی نسبت 2024ء میں امیدواروں کی تعداد 54.74 فیصد زیادہ اور خصوصی کاغذ کی ضرورت 195 فیصد زائد ہے، بیلیٹ پیپرز کا سائز کم کرکے خصوصی کاغذ کی ضرورت 2400 ٹن سے کم کرکے 2177 ٹن تک لائی گئی ہے۔

ای سی پی حکام کے مطابق بیلٹ پیپرز میں سے 5 فیصد سنگل کالم، 50 فیصد ڈبل کالم، 30 فیصد 3 کالم، 11.15 فیصد 4 کالم اور 2.4 فیصد 5 کالم بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، بیلیٹ پیپرز کے ساتھ اس مرتبہ فارم 45 بھی پرنٹ کرکے بھیجا جارہا ہے۔ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی، جس کیلئے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم جاری ہے، انتخابی مہم کا وقت 6 فروری کی رات 12 بجے ختم ہوجائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے