پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے لئے کام کیا ہے،روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حلقہ این اے 263سے امیدوار روزی خان کاکڑ، حلقہ پی بی 43سے امیدوار سیدحسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو اپنا منشور بنایا ہے، جنہوں نے عوام سے بلند و بانگ دعوے کئے آج وہ کہیں بھی نظر نہیں آرہے تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنا ہر وعدہ پورا کیا حلقہ این اے 263اور پی بی 43سے کامیاب ہوکر بے روزگاروں کو روزگار، بے گھروں کو گھر اور عوام کو بنیادی سہولیات دیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو منوجان روڈ ہدہ، سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر قاسم خان اچکزئی، شاہ جہاں گجر، قاضی قاہر اچکزئی، ملک خد ا بخش لہڑی، عزیز اللہ لانگو، عبدالغفار رند، الطاف گجر، اختر بلوچ، علاؤ الدین کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ روزی خان کاکڑ اورحسنین ہاشمی نے کہا کہ کوئٹہ کے لوگ شدید سردی میں گیس سے محروم ہیں، عوام کو بجلی،پینے کا پانی، تعلیمی ادارے، کھیلوں کے میدان،نوکریاں، سڑکیں تک میسر نہیں ہیں کوئٹہ کے ساتھ ہر دور میں بلند و بانگ وعدے کئے گئے مگر شہر پر کوئی توجہ نہیں دی گئی لیکن پیپلز پارٹی آج وعدہ کرتی ہے کہ 8فروری کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ہمیں کامیاب بنائیں ہم انکے تمام مسائل انکی دہلیز پر جاکر حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا اسی کوئٹہ شہر کے ساتھ ہے ہم یہاں کے عوام کے مسائل کے حل کی سیاست کر رہے ہیں ہمارا منشور اور مہم کسی بھی تعصب یا نعرے پر مبنیٰ نہیں ہم صرف اور صر ف عام آدمی کی بہتری کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے لئے کام کیا ہے عوام سے گزارش ہے کہ وہ 8فروری کو تیر کے نشان پر ووٹ دیکر اپنی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں اپنا کردارادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے