عوام ووٹ ضائع نہ کریں موسمی پرندے عوام سے مخلص نہیں ہے،مولانا عبد الرحمن رفیق

کوئٹہہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام حلقہ پی بی 39کے زیر اہتمام علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے این اے 264کے نامزد امیدوار مولانا عبد الرحمن رفیق این اے 262کے نامزد امیدوار ملک سکندر خان ایڈووکیٹ پی بی 39کے نامزد امیدوار سید حاجی عبد الواحد آغا اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی جیت یقینی ہے، عوام ووٹ ضائع نہ کریں موسمی پرندے عوام سے مخلص نہیں ہے۔انہوں نے کہا انسانیت کی تخلیق مذہب کیلئے ہوئی ہے،مذہب کا مقصد بلاتفریق انسانیت کی خدمت اور نیکی کا فروغ ہے۔انہوں نیکہا کہ جمعیت کا راستہ روکنے کے لیے سازشوں پر گہری نظر ہے۔ اس حوالے سے مزید خاموش نہیں رہ سکتے۔انہوں نے عوامی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، گیس وبجلی کے نام پر اذیت دی جارہی ہے، بار بارواویلا کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا دوسری جانب شہر میں گندگی کے ڈھیر اور آلودگی نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے،سریاب، پشتون آباد اور مین بازار کے علاقوں پر کوئی توجہ ہی نہیں۔پورے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر انتظامیہ اور حکومت کے منہ پر طمانچہ سے کم نہیں، کوئٹہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں سست روی اور کمزور تعمیر نے عوام کو بیزار کرکے رکھ دیا ہے، اور یہ بھی معلوم نہیں کہ مزید اس پر کتنا عرصہ لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں تمام شعبوں میں کمی ہے جس کے باعث شہر میں پانی کی قلت ہے، ہسپتالوں میں ادویات نہیں ہیں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا سکھ چھین لیا ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر لاوراث بن چکا ہے، کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے کوئٹہ کے مسائل کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے