سالانہ تبلیغی اجتماع کے دوران سیکورٹی کے انتہائی موثر اور فول پروف انتظامات کیے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر سبی
سبی (ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر خدائے رحیم کی زیر صدارت تبلیغی اجتماع کے حوالے سے امن وامان کی صورتحال سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی سبی عنایت اللہ بنگلزئی ، اسسٹنٹ کمشنر سبی جاراللہ خان کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر لہڑی کیپٹن (ر) اویس احمد ، ڈی ایچ او ڈاکٹر عمران خان، چیف آفیسر محب اللہ بلوچ ، علمائے کرام سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خدائے رحیم نے کہا کہ سالانہ تبلیغی اجتماع کے دوران سیکورٹی کے انتہائی موثر اور فول پروف انتظامات کیے جائیں گے تبلیغی اجتماع میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس ایف سی اور لیویز فورس کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ عوام کی آسانی کے لیے روٹ کا نقشہ بھی مرتب کرکے جگہ جگہ ٹریفک پولیس کے اہلکار اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران بھی لوگوں کی بہتر رہنمائی کریں گے انہوں نے کہا کہ اس دوران ڈی ایچ کیو اسپتال سبی میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے گا اور تمام سٹاف کو اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی سختی سے ہدایت جاری کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا خصوصی کیمپ بھی اجتماع گاہ میں لگایا جائے گا انہوں نے ایس ایس پی سبی عنایت اللہ بنگلزئی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کو حتمی شکل دیں انہوں نے کہا کہ موثر ٹریفک پلان بنا کر خصوصی طور پر دعا والے دن ون وے ٹریفک رکھی جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا نہ پڑے انہوں نے تبلیغی اجتماع کے منتظمین کو بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی مکمل تفصیل ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو فراہم کی جائے اس کے علاوہ اجتماع گاہ میں نجی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے مقرر کردہ نمائندوں کی تفصیل بھی فراہم کی جائے واضح رہے کہ تبلیغی اجتماع 10 فروری کو شروع ہوگا جبکہ اختتامی دعا 13 فروری کو ہوگی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اجتماع کے آغاز سے لیکر اختتام تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کا خلل نہ پڑنے پائے۔