ہم مخالفین کو بتادیناچاہتے ہیں کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم مرعوب نہیں ہونگے،انجینئر زمرک خان اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر و حلقہ پی بی 50سے نامزدامیدوارانجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ میزئی اڈے میں مخالفین کی فائرنگ سے اے این پی کا ایک کارکن شہید اوردوسرا زخمی ہوگیا الیکشن کمیشن ہمارے کارکنوں پر فائرنگ کا نوٹس لے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پرگرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،اے این پی عدم تشددکے فلسفے پر کاربند ہے لیکن کسی کو کارکنوں پر حملوں کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو میزئی اڈے میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد سول ہسپتال میں زخمی ہونے والے کارکن کی عیادت کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پراے این پی کے رہنما داود خان اچکزئی،شان عالم،نذرپیرعلیزئی،باچا خان،ثناء اللہ آغا اوردیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔۔انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ آج میزئی اڈے میں ہمارے پارٹی کارکنوں پر سیاسی مخالفین نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اے این پی کا ایک کارکن ظہوراحمدشہید جبکہ دوسرامعین خان شدید زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ جب سے انتخابی کمپیئن شروع ہوئی ہے ہمارے کارکنوں اور کیمپ پرابتک 4حملے ہوچکے ہیں ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فائرنگ کے واقعات کا نوٹس لے اور واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتارکرکے انہیں کیفر کردارتک پہنچانے کیلئے سیکورٹی اداروں کو احکامات جاری کرے۔ایک سوال کے جواب میں انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا کہ حالیہ فائرنگ کا واقعہ اے این پی کو دبانے کی کوشش ہے تاہم ہم مخالفین کو بتادیناچاہتے ہیں کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم مرعوب نہیں ہونگے اے این پی عدم تشدد کے فلسفے پر گامزن ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور، کچلاک، چمن اوردیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں میں اے این پی کے قائدین اورکارکنوں نے جام شہادت نوش کیا لیکن اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اے این پی کے امیدواروں اور کارکنوں کو تحفظ فراہم کریں اور فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طورپرگرفتارع کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے