پاکستان پیپلز پارٹی کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے کھلے ہیں،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے کھلے ہیں بلوچستان میں کوئی ایک سیاسی جماعت حکومت نہیں بناسکتی انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر حکومت بنائے گی اور جیالا بلوچستان کا وزیراعلیٰ ہوگا،،8فروری کو ہونے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کریگی، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت پرانکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارطارق احمد جعفری،پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ٹاؤن کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر غلام مصطفی، پیپلز پارٹی علماء ونگ کے مولوی جمال بھی موجود تھے۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارطارق احمد جعفری نے کہا کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک کے مرکزی قائدین سے ملاقات کرکے پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کرنے کی اپیل کی جس پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی ہدایت پر ہم بلوچستان میں بھی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے پاکستا ن پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور اپنے ورکروں اوردوست احباب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 8فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان”تیر“ پر مہرلگاکرانہیں کامیاب بنائیں۔پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کرنے پرانکی مرکزی قیادت اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات طارق جعفری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ روز مچھ،کوئٹہ میں پارٹی کے امیدوارحاجی علی مدد جتک کے انتخابی کیمپ اور ظہور بلیدی کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتی ہے اور الیکشن کمیشن اورنگران وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ پارٹی کے امیدواروں کے کیمپوں پر حملوں کا نوٹس لیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ ایک سوال کے جواب میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے تاہم انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے کھلے ہیں بلوچستان میں انتخابات کے بعد کوئی ایک سیاسی جماعت اکیلے حکومت نہیں بناسکتی پاکستان پیپلز پارٹی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر حکومت بنائے گی اورا جیالا بلوچستان کا وزیراعلیٰ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے