مسلم لیگ (ن) کے منشور کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستانی عوام کی ترقی ہے، حاجی میرنوراللہ لہڑی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما و حلقہ پی بی 44سے امیدوار حاجی میرنوراللہ لہڑی، حلقہ این اے 264سے امیدوار عرض محمدبڑیچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستانی عوام کی ترقی ہے،ہم صرف وعدے نہیں کریں گے ماضی کی طرح عمل کر کے دکھائیں گے، مسلم لیگ(ن) انتخابی منشور پر انشاء اللہ 8 فروری کا الیکشن جیت کر من وعن عملدرآمد کرے گی ایک بار پھر ہر جانب خوشحالی کا دور دورہ ہو گا پاکستان کے تمام تر مسائل کا حل مسلم لیگ (ن)کے پاس ہے،بابو مرادبنگلزئی کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت خوش آئند ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنمابابو مراد بنگلزئی کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی این پی سے مستعفی ہوکر پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔بابو مراد بنگلزئی نے کہا کہ بی این پی نے 2018ء کے انتخابات میں عوام سے جھوٹے وعدے کرکے ووٹ حاصل کئے کامیابی کے بعد اربوں روپے کے فنڈزملنے کے باوجودعوام کی کوئی خدمت نہیں کی جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم آج بلوچستان نیشنل پارٹی سے مستعفی ہوکر حاجی میر نوراللہ لہڑی اور عرض محمدبڑیچ کی قیادت میں اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کااعلان کرتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما و حلقہ پی بی 44سے امیدوار حاجی میرنوراللہ لہڑی، حلقہ این اے 264سے امیدوار عرض محمدبڑیچ بابومراد بنگلزئی کو اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ انکی شمولیت سے حلقے میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن مزیدمضبوط ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران قوم پرست جماعت سے تعلق رکھنے والے ایم پی ایز اورارکان قومی اسمبلی نے اربوں روپے کے فنڈز ملنے کے باوجود علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے علاقے کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور علاقہ کھنڈرات کامنظر پیش کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام8فروری کو ایسے امیدواروں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں جنہوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ 8فروری2024 کا دن ملک کے عوام کیلئے خوشخبری کا دن ہوگا اس دن میاں نواز شریف اور مسلم لیگ(ن)عام انتخابات میں ملک بھرسے کامیابی حاصل کریگی۔انہوں نے کہاکہ عوام 8فروری کو مسلم لیگ(ن)کے امیدواروں کے انتخابی نشان ”شیر“ پرمہرلگاکر انہیں کامیاب بنائیں تاکہ ملک کو دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیاجاسکے۔