کرپشن اور اقربا پروری کے باعث ملک بحرانوں کا شکار ہے، ساجد ترین ایڈووکیٹ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263سے نامزد امیدوار صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کرپشن اور اقربا پروری کے باعث ملک بحرانوں کا شکار ہے ان تمام بحرانوں سے نکالنے کے لئے صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، سابق رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ نوید دہوار، غلام نبی مری، میر غلام رسول مینگل کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ ساحل و وسائل پر دسترس، مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور عوام کے دیرینہ مسائل کو یقینی بنانے کے لئے انتخابات سمیت ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اس لئے پارٹی نے اپنے 32 نکاتی انتخابی منشور کو پیش کردیا ہے کیونکہ آج جو بھی جماعتیں تنظیمیں یا کمیٹی بلوچستان کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے تجاویز دے رہی ہے وہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے پہلے ہی حکومت اور متعلقہ حکام سمیت اپنے لوگوں کے سامنے رکھے ہیں۔ اس لئے ہماری جماعت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے میں شرکت اور پہلے روز ہی ان کے جائز مطالبات کی حمایت کی تھی بلوچستان میں کوکوئی صنعت نہیں لیکن افغانستان اور ایران سے بارڈر ٹریڈ کو بھی بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے صوبے میں بے روزگاری بڑھی ہے اور لوگوں کو روزگار کے ذرائع بروئے کار لانے میں مشکلات پیش آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں برابری کی بنیاد میں رکھا جائے گوادر پورٹ دنیا کی طاقتور معیشت بن رہا ہے لیکن بلوچستان کو ایک فیصد بھی اس سے فائدہ نہیں پہنچ رہا جس کی وجہ سے سیاسی جماعتوں اور بلوچستان کے باسیوں کے شدید تحفظات اور خدشات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی حمایت کرنے پر 500 لاپتہ افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے 32 نکاتی انتخابی منشور میں تعلیم، صحت، پینے کا صاف پانی، روڈ انفراسٹکچر، بجلی گیس سمیت لوگوں کو ڈومیسائل شناختی دستاویزات اور تعلیمی اداروں میں داخلوں سمیت مزدوروں کے مسائل پالیسیوں، منشیات کے خاتمے، روزگار کی فراہمی، شہر میں سیوریج اور صفائی کے نظام کی بہتری، ٹریفک اور واسا کے مسائل کے حل کے لئے ان تمام ایشوز کو منشور کا حصہ بنایا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے