گریڈ 1 تا 18 کی2093خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاک آرمی کی سول، رینجرز، وزارت قومی صحت ،نیشنل فوڈ سکیورٹی کی گریڈ 1 تا18 کی 2093 خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے خالی اسامیوں پر بھرتی کو الیکشن کمیشن کی منظوری سے مشروط کیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احکامات کے مطابق وزارت قومی صحت میں کوارشائن افسر گریڈ 18 کی ایک اور ریسرچ افسر گریڈ 17 کی ایک اسامی، وزارت موسمیاتی تبدیلی میں گریڈ 18 کی ایک اسامی ، پاکستان آرمی کے مختلف فارمیشن میں گریڈ 1 تا 15 کی 963 اسامیاں، وزارت نیشنل فوڈ اینڈ سکیورٹی میں کوارشائن افسر گریڈ 18 کی ایک اور ریسرچ افسر گریڈ 17 کی ایک اسامی، سندھ رینجرز میں 1010 اسامیاں، اے ایف آئی آرایم میں پانچ اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی ہے۔

دوسری جانب نگران وفاقی حکومت نے بیرون ملک نوکریوں کے بڑھتے مواقع کے پیش نظر مزید 6 شہروں میں پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹ دفاتر کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بیرون ملک نوکریوں کے بڑھتے مواقع کے پیش نظر نگران حکومت نے 2اہم اقدامات کرتے ہوئے مزید6شہروں میں پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹ دفاتر کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔

ساتھ ہی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے اجراء کے مقام سے ہی پروٹیکٹوریٹ بنوانے کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے،ان اقدامات سے اب بیرون ملک ملازمت کے لئے شہری ملک بھر کے کسی بھی پروٹیکٹوریٹ دفتر جا سکیں گے۔

فیصلے کے تحت نئے دفاتر سکھر، ایبٹ آباد، گوادر،آزاد کشمیر،اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں بنیں گے جس کے بعد دفاتر کی مجموعی تعداد 15ہوجائے گی ۔اس سے قبل کراچی ، لاہور ، پشاور ، راولپنڈی ، کوئٹہ ، ملتان ، مالاکنڈ ، ڈی جی خان اور سیالکوٹ میں دفاتر موجود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے