پاکستان مسلم لیگ (ن)ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر سکتی ہے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکر ٹری اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263کے امید وار جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی کے حق میں این اے 266 سے پارٹی امید وار عبد الخالق کو دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 43 سے آزاد امیدوار سردار ادریس تاج، حلقہ پی بی 43سے مسلم لیگ (ن) کے امید وار نسیم الر حمن،محمود خان، محسن خان، منیر افغان اور عمران خان ملا خیل کے ہمرا ہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 43 سے آزاد امیدوار سردار ادریس تاج نے نسیم الر حمن کے حق میں دستبر دار ہو نے کا اعلان کر دیا،جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی حکومت آئے گی تو ملک کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے ہم بلوچستان کے کسی بھی مسائل سے لاعلم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی نے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی کے حق میں این اے 266 سے اپنے امید وار عبد الخالق کو دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر سکتی ہے۔اس موقع پر سردار ادریس تاج نے کہا کہ بنا کسی دباؤ کے میں نے پی ٹی آئی کو خیر آباد کیا، پی ٹی آئی کی حکومت میں انکے وزراء ارب پتی بن گئے لیکن ملک اور صوبے کے مسائل حل نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ اختلافات جمہوریت کا حصہ ہے لیکن پارٹی نہیں چھوڑی مسلم (ن)کے ساتھ مل کر ملک کے تمام مسائل کوحل کرنے کے لئے کو شاں ہیں اور عوام کو نا امید نہیں ہونے دیں گے، اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکر ٹری جمال شاہ کاکڑ نے دستبردار ہونے والے امیدواروں کو پارٹی مفلر پہنائے۔