پاکستانیوں کے قتل کی مذمت، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے،ایران
تہران (ڈیلی گرین گوادر) ایران نے اپنی سرزمین میں 9 پاکستانی مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے امن دشمن عناصر کی بیخ کنی کریں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے سراوان میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین اور پاکستانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ملک کی خفیہ ایجنسیز اور تحقیقاتی اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ حملہ آروں جن کی تعداد 3 تھی، ڈھونڈ کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ایرانی ترجمان وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ زخمیوں سے حملہ آوروں کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ادھر ایران کے صوبے سیستان بلوچستان کے گورنر نے فائرنگ کے واقعے میں 9 پاکستانی مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر کہا ہے کہ پولیس افسوسناک واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے اور ہم جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔