بلوچستان کی سرزمین اور اس پر بسنے والے تمام قبائل بلوچی رسم و رواج کے پاسبان ہیں، آغا ایوب احمدزئی

قلات (ڈیلی گرین گوادر)قلات پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی و سماجی رئنماء آغا ایوب احمدزئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک وفاقی سیاسی جماعت ہے اور میں نے آغا عرفان کریم احمدزئی کی سربراہی میں اس جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے۔سیاست تاریخی حوالے سے ہمیشہ سے بلوچ قوم کے رسم و رواج کا حصہ رہی ہے اور اسی طرح سے گیلا و شکوہ کرنا بھی رسم و رواج کا حصہ ہے۔

بلوچستان کی سرزمین اور اس پر بسنے والے تمام قبائل بلوچی رسم و رواج کے پاسبان ہیں احمدزئی خانوادہ کی قربانیوں کی تاریخ کوئی ڈھکی چھپی تاریخ نہیں تمام بلوچ قبائل کیلئے وہ روزِ اول سے شیشے کی طرح روشن ہے اور بلوچ قوم کو اس تاریخ پر ناز ہے۔

مجھے بہت افسوس سے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ملکِ پاکستان کی پارلیمانی سیاست (اسمبلی کی سیاست) کی وجہ سے ہم اپنے قدیمی روایات کو خود قتل کر کے دفن کر رہے ہیں۔بدتمیزی کا جو سلسلہ خصوصاََ سن 2024 کے الیکشن مہم سے قلات سمیت پورے بلوچستان میں شروع ہوا ہے وہ واضح طور پر تمام سیاسی جماعتوں کے اجتماعات کی زینت بن چکا ہے اور میری دانست و فہم میں الیکشن کے دن تک یہ بڑے جوش سے برقرار رہے گا۔

بلوچی رسم و رواج، اسلامی روایات و تعلیمات اور اپنے والدین و بڑوں کی درس و تربیت مجھے بالکل بھی یہ اجازت نہیں دیتی کہ میں بھی اس بدتمیزی کا حصہ رہوں اور میرے زبان سے بھی کسی دوست و احباب کی دل آزاری ہو لہذا میں بطور احتجاج سن 2024 کے الیکشن مہم کے تمام سیاسی اجتماعات سے لاتعلقی اختیار کر رہا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے