نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ہفتہ کو سنٹرل پولیس آفس میں قائم کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کیا افتتاحی تقریب میں کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، نگراں وزراء میر زبیر خان جمالی، پرنس احمد علی بلوچ، شانیہ خان، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل چوہدری امیر اجمل خان آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات، پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ سیف سٹی طارق بزنجو و دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر کوئٹہ اور اعلیٰ حکام کو کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ سٹی صوبے کا دارالحکومت ہونے کے باعث غیر معمولی اہمیت کا حامل شہر ہے گزشتہ ایک دہائی سے اس شہر میں جہاں آبادی کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا تو دوسری جانب دیگر شہروں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شہری سہولیات کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت کا رخ کیا ایسے میں جرائم کے واقعات میں بھی بتدریج اضافہ نوٹ کیا گیا جس کے سدباب کے لئے 2017 میں کوئٹہ سیف سٹی کا منصوبہ شروع کیا گیا مختلف وجوہات کی بنا پر یہ منصوبہ ایک عرصے تک تعطل کا شکار رہا لیکن الحمدللہ گزشتہ سال دسمبر سے یہ منصوبہ فعال ہو چکا ہے اور ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کی بدولت ابتدائی مہینوں میں جرائم کی شرح لگ بھگ 20 فیصد کم ہوئی ہے امید ہے کہ منصوبے کی پائیداری کے ساتھ ساتھ جرائم کی شرح میں مزید کمی آئے گی اور کوئٹہ کو ہم ایک محفوظ اور پرامن شہر بنانے میں کامیاب رہیں گے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل پر کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے تمام متعلقین اور بہتر رہنمائی پر 12 کور کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی اشتراکی کاوشوں سے کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پایا تکمیل کو پہنچ چکا ہے انشاء اللہ صوبائی حکومت اور پاک فوج مل کر بلوچستان میں پائیدار قیام امن کیلئے باہمی اقدامات کے تسلسل کو آئندہ بھی جاری و ساری رکھیں گے تقریب کے اختتام پر نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، نگراں وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل چوہدری امیر اجمل خان آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ سمیت نگراں صوبائی وزراء اعلیٰ حکام اور پروجیکٹ ڈائریکٹر و افسران کو شیلڈ بھی دئیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے