پنجاب میں نمونیہ شدت اختیار کرگیا، 7 روز میں 71 بچے زندگی کی بازی ہار بیٹھے
لاہور (ڈیلی گرین گوادر)پنجاب میں نمونیا شدت اختیار کرگیا، سات روز کے دوران 71 بچے زندگی کی بازی ہار بیٹھے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران نمونیہ سے مزید 13 بچےدم توڑ گئے، جاں بحق بچوں کی عمریں پیدائش سے 4 سال کے درمیان ہیں۔ پنجاب میں نمونیا سے رواں برس اب تک 233 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔شیخوپورہ اور فیصل آباد میں چار، چار اموات رپورٹ ہوئیں جب کہ گوجرانوالہ میں تین، لاہور اور راولپنڈی میں ایک ایک بچہ دم توڑ گیا۔ صوبے بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 1122 مریض رپورٹ ہوئے۔
لاہور سے چوبیس گھنٹے میں 280 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبے میں رواں برس کے آغاز میں ہی 12ہزار 719 بچے نمونیہ سے متاثر ہوتے ہیں۔اس حوالے سے پنجاب کے نگران وزیرصحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر برس 50 ہزار افراد نمونیہ سے ہلاک ہوتے ہیں۔