پشاور،نماز جمعہ کے خطبے میں امام مسجد کی عمران خان پر تنقید پر ہنگامہ
پشاور(ڈیلی گرین گوادر) حیات آباد کی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ کے دوران بانی تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے پررہنما پی ٹی آئی اقبال آفریدی کی امام مسجد کے ساتھ تلخ کلامی، نمازیوں نے رہنما پی ٹی آئی کو مسجد سے باہر نکال دیا، واقعے کی وڈیو وائرل ہوگئی۔حیات آباد فیز7 کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہنگامے کی وڈیو وائرل ہوگئی جس میں امام مسجد اورپی ٹی آئی رہنما اقبال آفریدی کے درمیان تلخ کلامی ہوتے دیکھی جاسکتی ہے۔
وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امام مسجد کے عمران خان کے خلاف بات کرنے پر اقبال آفریدی سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے امام مسجد کو بانی چیرمین پی ٹی آئی کے خلاف بات کرنے سے روک دیا۔اقبال آفریدی نے امام مسجد سے کہا کہ آپ مسجد میں دین کی بات کریں ، سیاست کی بات کیوں کی، اس پر امام مسجد نے انہیں جواب دیا کہ میں نے حق بات کی ہے۔بعدازاں امام مسجد کو منافق کہنے پرنمازیوں نے اقبال آفریدی کو مسجد سے باہرنکال دیا۔
واضح رہے کہ ا قبال آفریدی حلقہ این اے 27 ضلع خیبر سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ہیں۔پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما اور امام مسجد کے درمیان تنازع کھڑا ہوا تھا مگر نمازیوں نے مداخلت کرکے تنازع ختم کرا دیا۔پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں کی جانب سے تحریری شکایت یا درخواست نہ ملنے پر اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔