مخالفین کو جلسوں میں مشکلات، آگے پیچھے ن لیگ کے منصوبے ہی نظر آتے ہیں،مریم نواز
بورے والا(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائز مریم نواز نے کہا کہ آج کل تمام جماعتیں پنجاب میں آکر ووٹ مانگ رہی ہیں، لیکن ان کو جلسے کرنے میں مشکل ہوتی ہے، کیونکہ ان کے آگے پیچھے ن لیگ کے ترقیاتی منصوبے ہوتے ہیں۔
مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے ہی ہمارا منشور ہیں، جنوبی پنجاب کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے والے نوازشریف ہیں، ہم نے جو منصوبہ لاہور میں بنایا وہ ملتان تک بھی پہنچایا، وہاڑی میں میڈیکل کالج بنائیں گے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہاں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، میں سب کو سلام پیش کرتی ہوں، بہت تکلیف ہوتی ہے جب کسی بے روزگار نوجوان کو ہاتھ اٹھاتے دیکھتے ہیں، آپ شیر کو ووٹ دیں گے تو ن لیگ کامیاب ہوکر دن رات آپ کی خدمت کرے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ مفت تعلیم، مفت علاج اور مہنگائی کو کم کرنا ہمارا منشور ہے، پورے ملک میں اگر کوئی ایسا لیڈر ہے جسے عوام کی فکر ہے، جسے مہنگائی کم کرنے کی فکر ہے، بجلی کے بل کم کرنے، گیس کی فراہمی، روٹی، آٹا، چینی، سڑکوں، ہسپتالوں اور تعلیم کی فراہمی کی فکر ہے تو وہ نواز شریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر 3 سال میں 22 گھنٹے ہونے والی لوڈ شیڈنگ کو ختم کر سکتے ہیں تو اس کے پیچھے اللہ کا فضل، ان کی محنت، آپ سے محبت کارفرما ہے، جنوبی پنجاب والوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس نے حقیقی معنوں میں یہاں کی دل سے خدمت کی ہے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بڑے بڑے لوگ یہاں آئے اور جنوبی پنجاب کے نام پر بے وقوف بنا کر چلے گئے، 2013ء ، 2017ء کے جنوبی پنجاب کا موازنہ کرلیں اور آج کی صورت حال دیکھ لیں تو آپ کو فرق نظر آئے گا اور پتہ چل جائے گا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے یہاں آپ کی خدمت کی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ملتان میں میٹرو بنی، اسی طرح لاہور میں اگر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ بنا تو ملتان میں بھی کڈنی ہسپتال بنا، لاہور میں چلڈرن ہسپتال بنا تو پھر ملتان میں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن ہسپتال بنا، طبی ادارے، زرعی یونیورسٹیز بنائیں اور اب نوازشریف نے اعلان کیا ہے کہ آپ لوگ مسلم لیگ ن کو منتخب کریں تو وہاڑی میں میڈیکل کالج بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا منشور کل جاری کردیا جائے گا، ہمارا منشور بالکل واضح ہے، ہر شہر کی ترقی، ہر گاؤں کی ترقی، کسانوں کی ترقی، ہسپتال، مفت دوائیں، طبی سہولیات، تعلیم مفت اور عام تعلیمی اداروں کا قیام، ہر ڈسٹرکٹ میں دانش سکول بنانا، موٹر وے کا جال بچھانا، بجلی کے بلوں کو کم کرنا، گیس فراہم کرنا، روٹی اور آٹا سستا کرنا، سبزی، گوشت دالیں سستی کرنا، یہ سب ہماری ذمہ داری ہے، یہی ہمارا منشور ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ 8 فروری کو کوئی گھر میں نہ بیٹھے بلکہ مسلم لیگ ن کے شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ملائے، جتنی زیادہ مہریں شیر پر لگیں گی اتنی جلدی پاکستان ترقی کرے گا، یہ میرا وعدہ ہے۔