نگران وزیر اعلی بلوچستان نے ریجنل الیکشن کمشنر آفس تربت میں فائرنگ کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگران وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ریجنل الیکشن کمشنر آفس تربت میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتخابی عمل میں رخنہ ڈالنے کی سازش ہے تاہم صوبائی حکومت پرعزم ہے کہ انتخابات کے لئے عوام اور امیدواروں کو پرامن اور سازگار ماحول کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے تربت میں الیکشن کمشنر کے دفتر پر فائرنگ کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہے نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے محکمہ داخلہ بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں نگران وزیر اعلیٰ نے فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس جوان کے اہل خانہ سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحالی امن کے لئے پولیس اور تمام سیکورٹی فورسز کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے تمام بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے