عوام کے ساتھ وعدے اور دعوے نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، سید حسنین ہاشمی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء حلقہ بی پی 43کوئٹہ سے امیدوار سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ اور بلوچستان کی ترقی چاہتی ہے، ہم عوام کے ساتھ وعدے اور دعوے نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، کوئٹہ بلخصوص کلی اسماعیل میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں جنہیں صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی حل کر سکتی ہے، 8فروری کو عوام گھروں سے نکلیں اور تیر کے نشان ووٹ دیکر اپنی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنائیں۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کلی اسماعیل کوئٹہ میں سردار یاسین لانگو کی رہائشگاہ پر منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سردار یاسین لانگو،ملنگزئی قبائل اور کلی اسماعیل کے علاقہ مکینوں کی جانب سے سید حسنین ہاشمی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا اور یقین دہانی کروائی گئی کہ وہ 8فروری کو تیر کے نشان کو ووٹ دیکر حسنین ہاشمی کو کامیاب بنائیں گے۔ سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ کوئٹہ کا ہر باسی ایک ایسا نمائندہ چاہتا ہے جو انکے بنیادی مسائل کو حل کرے اور انکے درمیان رہ کر ان کی بات کو سنے آج کوئٹہ کے نوجوان منشیات کی لعنت، بے روزگاری کا خاتمہ اور تعلیم، صحت، کھیلوں کے میدان، پختہ سڑکیں، جدید دور کی سہولیات چاہتے ہیں ہمارا وعدہ ہے کہ منتخب ہوکر ایک بار پھر کلی اسماعیل کے عوام کے درمیان آئیں گے اور انکے مسائل کو حل کرنے کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور کوئٹہ کے عوام کی جانب سے پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کو بھر پور پذیرائی مل رہی ہے ہم 8فروری کو عوام کی طاقت سے منتخب ہو کر آئیں گے۔ سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ کارکن گھر گھر انتخابی مہم شروع کریں اور پارٹی پیغام کا بھر پور پرچار کریں۔ اس موقع پر سردار یاسین لانگو، قاسم خان اچکزئی، آغا وزیر شاہ، عزیز اللہ لانگو، ذوہیب محمد حسنی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے