ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پینشن ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اس جدید دور میں بھی صوبہ بلوچستان کے پنشنرز گوں نا گوں مسائل سے دوچار ہیں،تقریباً صوبے کے تمام اضلاع کے پنشنرز اپنی چھوٹی رقم کے حصول کیلئے بار بار کوئٹہ کا چکر لگانے پر مجبور ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ اور اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان باہمی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی وضع کریں تاکہ ہمارے تمام پنشنرز کو اپنا حق ان کی دہلیز پر ملنے کیلئے راہ ہموار ہو سکے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان نصراللہ جان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ملکی نظام کو استحکام بخشنے کیلئے تمام قومی اداروں کے مالیاتی امور میں نظم وضبط اور انتظامی معاملات میں شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا اشد ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ قومی سطح کی پالیسیوں کو نہ صرف معاشرتی ضروریات اور موجودہ صورتحال کی عکاس ہونا چاہئے بلکہ عوام کی حقیقی مسائل ومشکلات کے پائیدار حل کا ضامن بھی ہونا چاہئے. اس سلسلے میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پینشن ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے