ہیلتھ سیکٹر میں لیڈی ڈفرن ہسپتال بلوچستان کیلئے ایک اثاثہ ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی ملک کے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان میں دورانِ زچگی ماؤں کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں انگریز دور کے تاریخی لیڈی ڈفرن ہسپتال کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ اسکی معیاری کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوگورنر ہاوس کوئٹہ میں سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ کی قیادت میں لیڈی ڈفرین ہسپتال کی کمیٹی ممبرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے وسط میں موجود لیڈی ڈفرن ہسپتال پچھلے ایک سو تیس برس سے مسلسل خدمات انجام دیتا آرہا ہے جس سے اس طویل عرصے میں ہزاروں لاکھوں مریض مستفید ہو چکے ہیں تمام شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا حکومت کی آولین ذمہ داری ہے اس سلسلے میں دونوں پبلک اور پرائیویٹ ہسپتالوں کی بہت قابل ستائش خدمات ہیں گورنر بلوچستان نے لیڈی ڈفرین ہسپتال کوئٹہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر میں لیڈی ڈفرن ہسپتال بلوچستان کیلئے ایک اثاثہ ہے اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے سے یہ صوبہ کا ایک مثالی ہسپتال بن سکتا ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ لیڈی ڈفرن ہسپتال شہر کے وسط میں واقع ہے ہم اس کو جدید میڈیکل مشینری فراہم کر کے صوبہ بھر کے نادار اور غریب عورتوں کیلئے مزید فائدہ مند بنا سکتے ہیں خوش آئند بات یہ ہے کہ اس میں تعمیر و توسیع کی مزید گنجائش بھی موجود ہے اور یہاں زیادہ سے زیادہ مریضوں کے علاج و دیکھ بھال کیلئے نئی تعمیرات کی ضرورت بھی ہے گورنر بلوچستان نے وفد کو یقین دلایا کہ لیڈی ڈفرن ہسپتال میں مزید بہتری لانے کیلئے ہمارا ہر ممکن تعاون آپکے ساتھ رہیگا۔