بلوچستان میں خاتون خودکش حملہ آور انتخابی امیدواروں کو نشانہ بناسکتی ہے،سیکورٹی ایڈوائزری جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے الیکشن سے متعلق سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کی ہے۔بلوچستان میں کئی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ خاتون خودکش حملہ آور اجتماعات اور رہنماؤں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔
کچھی، کوہلو، خضدار اور مستونگ کے ڈپٹی کمشنرز نے انتخابی امیدواروں کو ایڈوائزری جاری کی ہے۔ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے امیدواروں کو غیر ضروری آمد و رفت اور کھلی جگہوں پر عوامی اجتماعات سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ایڈوائزری کےمطابق دہشت گرد انتخابی مہم میں سیاسی رہنماؤں اور اجتماعات کونشانہ بنا سکتے ہیں۔ڈی سی کوہلو و خضدار کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہےکہ خاتون خودکش حملہ آور کے ذریعےاجتماعات اور سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔سیکیورٹی ایڈوائزری میں امیدواروں کو اس معاملےکو انتہائی اہمیت دینے کا کہاگیا ہے۔