سیکورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں، روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ سابقہ دور حکومت میں عوام کو صرف اور صرف سبز باغ دیکھا ئے گئے عوام سے کئے گئے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ وفاء نہیں کیا گیا، 8 فروری کو پیپلز پارٹی کے امیدوار ملک بھر کی طرح بلوچستان سے بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی، اس موقع پر متحدہ مینگل قومی تحریک کے میر ہدایت اللہ اور علیزئی قومی قومی تحریک پاکستان کے چیئرمین عاصم خان علیزئی نے پی بی 41 سے نور الدین کاکڑ کی حمایت کا اعلان کیا۔ روزی خان کاکڑ نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں عوام سے کئے گئے وعدوں میں سے ایک بھی وعد ہ وفانہیں کیا گیا 2018ء کے انتخابات میں مصنوعی سیاستدانوں کا کشکول توڑنے کے باوجود کشکول لیکر پھرتے رہے وہ کام دشمن بھی نہیں کرسکے جوانہوں نے کر دکھایا،مرکز اور بلوچستان میں حکومت بناکر صوبے اور عوام کی محرومیوں کے ازالہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ 8 فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے 10 نکاتی منشور پر عملدرآمد کو ممکن بناکر ملک کو بے روزگاری، معاشی، اقتصادی سمیت دیگر بحرانوں سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 100 فیصد،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں نئے لوگوں کی رجسٹریشن اور بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ قوم پرستوں نے بھی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا وہ کام انہوں نے کرنا تھا لیکن پیپلز پارٹی نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خود مختاری دیکر خود مختاربنایا کارکردگی کی بناء پر مرکز سمیت بلوچستان میں بھی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ پارٹی نے سابقہ ادوار میں میگا پروجیکٹس، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے تو امن وامان کی صورتحال بہتر ہوسکتی ہے سیکورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیاہے تاہم امید ہے الیکشن پر امن حالات میں ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے