بھارت سے ماسکو جانیوالا روسی چارٹرڈ طیارہ افغانستان میں گر کر تباہ
کابل(ڈیلی گرین گوادر)افغانستان میں تباہ ہونے والے طیارے سے متعلق روسی ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم بیان جاری کر دیا۔روسی ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ افغانستان میں حادثے کے شکار طیارہ چارٹرڈ ایمبولینس طیارہ تھا جو بھارت سے ازبکستان کے راستے ماسکو جاتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا اور اس کا ملبہ افغانستان سے ملنے کی اطلاع ہے۔
روسی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ چارٹرڈ طیارے میں 6 افراد سوار تھے اور یہ گزشتہ شب افغانستان میں ریڈار سے غائب ہو گیا تھا۔ بعد ازاں افغان صوبے بدخشاں کی پولیس نے ایک طیارہ گرنے کی اطلاع دی تھی۔
ادھر طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدخشاں صوبے میں جائے وقوعہ پر امدادی ٹیم بھیجی ہے اب تک طیارے کی قسم، حادثے کی وجہ اور ہلاکتوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں۔