بلوچستان کے وسائل پر بلوچستان کی عوام کا پہلا حق ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہونے کے لئے بلوچستان کو چین کے ساتھ روابط قائم کرنے ہونگے بلوچستان کے حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان کے مفادات اور ترقی کیلئے سی پیک کے تحت چین کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام شروع کرے تاکہ ان منصوبوں کے براہ راست ثمرات سے مستفید ہو سکے بلوچستان معدنی ذخائر سے مالا مال صوبہ ہے بلوچستان کے وسائل پر بلوچستان کی عوام کا پہلا حق ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ گوادر بلوچستان کا حصہ ہے گوادر کی بندرگاہ سے سی پیک منصوبوں کی مصنوعات دنیا بھر میں بھیجی جائیں گی بلوچستان میں قیام ہونے والے انڈسٹریل زونز دنیا بھر میں بلوچستان کا تعارف بن رہے ہیں. سی پیک کی وجہ سے بلوچستان دنیا بھر میں منفرد مقام حاصل کر رہا ہے بلوچستان کے معدنی ذخائر چین اور روس جیسے عظیم ممالک کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں بلوچستان کی حکومت بلوچستان کی عوام کے بہترین مستقبل کے لئے فوری طور پر اقتصادی منصوبے شروع کرے تاکہ بلوچستان کی عوام کے مسائل حل ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی و خوشحالی بلوچستان کے لئے اقتصادی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی گوادر میں قائم مختلف منصوبوں پر کام کرنے کے لئے بلوچستان سے ہنر مند اور نیم ہنر مند افرادی قوّت کو لیا جانا چاہئے تاکہ وہ سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں بلوچستان کے تمام اکنامک زونز سے منسلک ٹیکنیکل ٹریننگ سکول و کالجز کے قیام کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں تا کہ سی پیک کے منصوبوں کے لئے درکار ٹیکنیشنز اور ماہرین مقامی طور پر دستیاب ہوں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے معاشی شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے بلوچستان رقبے کے اعتبار سے پاکستان کا 43 فیصد ہے اور سی پیک سے منسلک گوادر بلوچستان کا حصہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان کی محرومیوں کو ختم کرنے میں اپنا وہی کردار ادا کر سکتا ہے جو دبئی کی بندرگاہ نے متحدہ عرب امارات کے لئے کیا ہے بلوچستان حکومت کو نہ صرف گوادر بلکہ باقی ماندہ صوبے میں بھی غربت، بیماری اور جہالت کے خاتمے کیلئے وسیع پیمانے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی بلوچستان کو بالکل اسی ماڈل پر ترقی دینا ہوگی جس ماڈل پر عمل کرتے ہوئے چینی ماہرین اور حکومت نے سنکیانگ کے صوبے کو ترقی سے ہمکنار کیا ہے آج سنکیانگ دنیا کے ترقی یافتہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے