پاک ایران کشیدگی،خفیہ ادارے نے اسلام آباد میں دہشتگردی کا الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورت حال کے تناظر میں خفیہ ادارے کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

انٹیلی جنس اداروں نے پاک ایران بارڈر پر کشیدہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں دہشت گردی و بلوچ کمیونٹی کے احتجاجی کیمپوں سمیت پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے کو نشانہ بنائے جانے کے خدشے کی اطلاعات کی بنیاد پر الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ و اسلام آباد پولیس کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے لیے کہا ہے ۔

اس حوالے سے انٹیلی جنس اداروں نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو مراسلے کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کے قریب اسلام آباد پریس کلب کے سامنے بلوچ یکجہتی کمیٹی کا احتجاج 3 ہفتے سے زائد عرصے اور اسی پریس کلب کے سامنے دوسرے کنارے پر ایک کیمپ جمال رئیسانی کی قیادت میں بلوچستان شہدا فورم کا بھی ایک ہفتے سے سے جاری ہے جب کہ بلوچستان شہدا فورم کے سربراہ جمال رئیسانی پہلے ہی خطرے کی زد میں ہیں۔

سکیورٹی اداروں نے مراسلے میں کہا ہے کہ حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فول پروف حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ معلوم ہوا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی روشنی میں وفاقی دارالحکومت میں دونوں کیمپوں سمیت اہم شخصیات ،پولیس افسران اور جوانوں سمیت اہم سرکاری تنصیبات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے