زرداری ہی صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرسکتے ہیں،حاجی رمضان خان اچکزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و حلقہ این اے 263سے امیدوار روزی خان اورحلقہ این اے 262سے امیدوار حاجی رمضان خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک سے نفرتوں کے خاتمے امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے جدوجہدکررہی ہے نوجوان قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرسکتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق اور صاف شفاف الیکشن کی بات کی ہے 2018ء کے انتخابات کی طرح اب کسی کو پارٹی کے مینڈیٹ کو چرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی اور انجینئر ہادی عسکری سے الگ الگ ملاقات اور کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرپیپلزپارٹی کے صوبائی فنانس سیکرٹری ملک حمیدکاکڑ،ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری قاسم خان اچکزئی،عیسیٰ خان ہزارہ، پیپلز پارٹی کے صوبائی میڈیاکوارڈی نیٹر حیات خان اچکزئی،اختر شاہ مندوخیل،جبار خلجی،سیدایوب آغا اوردیگر بھی موجودتھے۔انہوں نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ کو چوری کرکے عمران نیازی کو عوام پرمسلط کیا گیاجس نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیااوراپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند اوران پر جھوٹے مقدمات قائم کئے بانی پی ٹی آئی بدلے کی آگ میں آج جیل میں ہیں جبکہ نواز شریف بدلے کی آگ میں سیاست کر رہے ہیں چیئرمین بلاول بھٹو اس پرانی طرز کی سیاست اور ملک سے نفرتوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک میں صاف و شفاف اور غیرجانبدارانہ ا نتخابات کی بات کی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اورانشاء اللہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے 8فروری کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے انجنیئر ہادی عسکری کی جانب سے پیپلزپارٹی کے حلقہ این اے 262سے امیدوار حاجی رمضان اچکزئی اور پی بی 40سے امیدوارصمدگورگیج کے حق میں دستبردارہوکر انکی مکمل حمایت کااعلان کیاجبکہ بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔