بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدیددھند چھائی رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض مقا مات پر کہرا پڑنے کا بھی امکان ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہا تاہم لسبیلہ میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔جمعہ کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 12، سکردو منفی 9، کالام، گلگت، استور منفی 6، سرینگر منفی 5، قلات، گوپس منفی 4، ہنزہ، دیر اور راوالاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ مزید برآں شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔