باجوڑمیں پولیو ٹیم پر حملہ، ڈاکٹر جاں بحق، پولیس اہلکار زخمی

باجوڑ(ڈیلی گرین گوادر) خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پولیو ٹیم پر حملے میں کوآرڈینیٹر ڈاکٹرجاں بحق جبکہ پولیس اہل کار زخمی ہوگیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے علاقے باد سیاہ میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس میں 2 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔زخمیوں میں پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرحمٰن اور ایک پولیس اہلکار الیاس شامل تھا جنہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

عبدالرحمٰن دوران علاج جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے جبکہ پولیس اہلکار کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے باجوڑ میں پولیو آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن پر حملے اور شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالرحمن کی شہادت پر انتہائی افسردہ ہوں، حملے کی خبر ملتے ہی ڈاکٹر عبدالرحمن کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں رہا اور انہیں طبی امداد کیلیے اسلام آباد منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی تاہم وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالرحمن کے قاتلوں کو ہر صورت کٹہرے میں لا کر نشان عبرت بنائیں گے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم اور جذبے کے آڑے نہیں آسکتیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے