معدنی وسائل سے مالا مال بلوچستان کو ظالم حکمرانوں نے تباہ و برباد کر دیا، سراج الحق

ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ معدنی وسائل سے مالا مال بلوچستان کو ظالم حکمرانوں نے تباہ و برباد کر دیا آج ہر بلوچ اور پشتون نوجوان بیروزگار ہے، عوام غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور حکمرانوں نے اندرون اور بیرون ممالک جائیدادیں بنائی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ون سٹی ڈیرہ اللہ یار میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں سراج الحق نے بائی پاس زیرو پوائنٹ پر جدید سہولیات سے آراستہ الخدمت اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، پی بی 16 کے امیدوار انجینئر عبدالمجید بادینی، این اے 255 کے امیدوار سردار رفیق احمد بھٹی ودیگر رہنماء بھی انکے ہمراہ تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ جاگیردار طبقے نے ہر دور میں اقتدار میں رہتے ہوئے اپنا معیار زندگی بلند کرتے رہے، صوبے کے عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے، اقتدار میں آکر ان کرپٹ حکمرانوں کا کڑا احتساب کرینگے اور انہیں جیلوں میں ڈالیں گے، جعفرآباد اور نصیرآباد کے جاگیرداروں کے اقتدار کا سورج غروب ہونے لگا، اللہ تعالیٰ نے یہاں کے غریب اور محکوم عوام کی فریاد سن لی، عبدالمجید بادینی کی صورت میں جماعت اسلامی نے جعفرآباد کو دیانتدار قیادت دی ہے، 8 فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگا کر امیدواروں کو کامیاب بنائیں ہم تمہیں باعزت روزگار، تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرینگے، ان جاگیرداروں کو شکست دینے کا وقت آچکا ہے، عوام ووٹ کی طاقت سے ان ظالموں سے حساب لیں، سراج الحق نے مزید کہا کہ یہاں سیلاب متاثرین کا امدادی سامان بھی ہڑپ کیا گیا ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود سیلاب متاثرین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، صوبے سے نکلنے والا سونا، تانبہ، گیس اور دیگر معدنیات سے آنے والی آمدنی اشرافیہ طبقے کی اولادوں پر خرچ ہو رہی ہے، عام عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہیں، جلسہ سے امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، پی بی 16 کے امیدوار انجینئر عبدالمجید بادینی، سردار رفیق بھٹی و دیگر نے خطاب میں کہا کہ حلقہ کے عوام پولنگ کے دن ترازو نشان کو یاد رکھیں اور مہر لگا کر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاکہ ان جاگیرداروں کے مظالم سے عوام کو نجات دلا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے