خورد برد کیس،فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔سابق وزیر کیخلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردوبرد کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

فواد چوہدری نے جج محمد بشیر سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ سر آپ کی طبیعت سنا ہے خراب ہوگئی تھی؟ اب کیسے ہیں؟اخبار میں تو کافی کچھ لکھا تھا۔جج نے کہا کہ میں ٹھیک ہوں، بس اخبار والے ایسے ہی خبر بنا دیتے ہیں۔

وکیل صفائی عامر عباس نے کہا کہ میرے موکل سابق وفاقی وزیر اور وکیل بھی ہیں، جیل میں بی کلاس دی جائے۔ جس پر جج نے کہا کہ میں فواد چوہدری کے لیے جیل میں بی کلاس کا لکھ دوں گا۔ وکیل عامر عباس نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو الیکشن سے ناک آؤٹ کر دیا گیا ہے، جیل میں ملاقات کے لیے درخواست دی اس پر آرڈر کر دیں۔

جج نے سوال کیا کہ ملاقات ہو نہیں جاتی اڈیالہ جیل میں؟وکیل نے کہا کہ نیب کا ماحول اور تھا، جیل میں مسائل آتے ہیں۔ جج نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ پھر ایسا کرتے ہیں فواد چوہدری کو نیب میں رہنے دیتے ہیں۔

وکیل صفائی عامر عباس نے کہا کہ جی سر پھر 2 دن کے لیے نیب کے پاس رہنے دیں، نیب زیادہ سے زیادہ 30 دن کا ریمانڈ نیب لے سکتی ہے، 2 دن کا ریمانڈ اور دے دیں،31 روز کا ریمانڈ ہوجائے گا، خبروں میں بھی آئے گا۔

اس دوران سابق وزیر کی جانب سے درخواست ضمانت بھی دائر کردی گئی۔عدالت نے فواد چودھری کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم فروری کو دلائل طلب کر لیے جبکہ سابق وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے