ایران کا بلوچستان کے سرحدی علاقے پر میزائلوں سے حملہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ ہے، محمد عبدالقادر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ مسلمان ہمسایہ ملک ایران کا بلوچستان کے سرحدی علاقے پر میزائلوں سے حملہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ ہے اس حملے میں دو بچے جاں بحق ہوئے جبکہ تین لڑکیاں شدید زخمی ہو گئیں ایران کا کہنا ہے کہ اس حملے میں انہوں نے جیش العدل کو نشانہ بنایا تھا پاکستان ایران کی جانب سے پاکستانی حدود میں کی جانے والی اس کاروائی کی شدید مذمت کرتا ہے اگر پاکستان کی حدود میں کوئی مشتبہ شخص، گروہ یا دہشت گرد موجود تھے تو از خود کارروائی کرنے کی بجائے پاکستان کے حکام کو آگاہ کیا جانا چاہئے تھا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادر نے کہاکہ پاکستان کی حدود میں اس طرح کی کاروائیاں پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے لہٰذا ایران کو اس کاروائی کا تسلی بخش جواب دینا ہوگا پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات متوازن ہیں دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہونے کے باوجود ایران کا بلوچستان کے سرحدی علاقے میں اس طرح حملہ کرنا ناقابل برداشت ہے اس طرح کی جارحیت سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی خراب ہوں گے ایرانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا جائے اور واقعے کی تحقیقات کی جائیں کوئی ملک منہ اٹھا کر اس طرح از خود حملوں کا کوئی استحقاق نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا ہے کہ اس واقعے کی مکمل ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے پاکستان کی حدود میں ایسی کاروائیاں پاکستان کی ذمہ داری ہے نہ کہ کسی اور ملک کی اگر کسی ملک کے پاس انٹیلیجنس رپورٹس موجود ہیں تو وہ پاکستان کے علم میں لائے پاکستان خود ایسے معاملات کو دیکھتے ہوئے موثر اقدامات اٹھائے بلا شبہ دہشتگردی عالمی مسئلہ بن چکا ہے مختلف ممالک کے درمیان انٹیلیجنس کے تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ ایران نے بلوچستان میں کارروائی کر کے دوطرفہ اعتماد کی فضا کو شدید نقصان پہنچایا ہے ایران نے پنجگور میں دہشت گرد تنظیم جیش العدل کے مبینہ ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون سے حملہ کیا ہے پاسداران انقلاب کا پاکستان کے سرحدی علاقے پر حملہ بھلایا نہیں جاسکتا یہ حملہ پنجگور رائفلز کے علاقے سبز کوہ چیدگی سیکٹر میں ہوا پاکستان میں دہائیوں سے خوفناک دہشتگردی ہو رہی ہے اور پاکستان جانتا ہے کہ اس دہشتگردی کے پیچھے کون سی قوتیں کارفرما ہیں اسکے باوجود پاکستان نے کسی ملک کی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایسے حملوں سے ہمیشہ گریز کیا مقصد صرف ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کو بگاڑ سے بچانا تھا ورنہ پاکستان بھی ایسی کارروائیوں کا حق محفوظ رکھتا ہے پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے