حلقے کے لوگوں کی خوشحالی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے، زرک خان مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما حلقہ پی بی 42 کوئٹہ سے نامزد امیدوار زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ حلقے کے لوگوں کی خوشحالی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے، عوام کے جوش سے واضح ہے کہ جیت شیر کی ہوگی، کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی اینڈ ٹی کالونی، گوردت سنگھ روڈ، ملا خیل اسٹریٹ اور دیگر علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکڑوں افراد نے انتخابات میں زرک خان مندوخیل کی بھرپور حمایت اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا، تقاریب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سعید الحسن مندوخیل نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ حمایت کا اعلان کرنے پر دوستوں کے مشکور ہیں یہ حلقہ میرے لئے نیا نہیں یہاں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اقتدار کے بغیر بھی لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے حاضر ہوں اللہ نے موقع دیا تو منتخب ہوکر حلقے کے تمام علاقوں کی حالت بدل دیں گے حلقے کے لوگوں کی خوشحالی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 42کوئٹہ شہر کا دل اوروسطی علاقہ ہے، یہاں کے ہر طبقے کے عوام ہم پر بھرپور اعتماد کااظہار کر رہے ہیں کیونکہ وہ تما م سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو چکے ہیں، مسلم لیگ ن اپنے عوام اور کارکنوں کے اعتماد پر پورا اترے گی،انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے میدان میں اترے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن عوامی خدمت کا نام ہے، میاں نواز شریف کی قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے اور 8فروری کا سورج مسلم لیگ ن کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے