انفرادی فلاح و بہبود کے لئے ہم سب کو کوشاں ہونا چاہیے کیونکہ ہر شخص ملت کا معمار ہے، ڈی جی نیب ظفر اقبال خان
لورالائی(ڈیلی گرین گوادر)کرپشن کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں نیب بلوچستان نے یونیورسٹی آف لورالائی کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کو مدعو کیا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی احسان اللہ خان کاکڑ، ڈی جی یونیورسٹی آف لورالائی ڈاکٹر خیر محمد کاکڑ، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی ایک کثیر تعداد نے نیب بلوچستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کی گیا جس میں کرپشن کے خلاف آگاہی، نیب کے کام کرنے کا طریقہ کار اور دیگر متعلقہ معمالات کے بارے میں لیکچر ز کا انعقاد کیا گیا۔ بعد ازاں آنے والے مہمانوں کو نیب کے مختلف دفاتر مثلا انویسٹی گیشن ونگ، کمپلینٹ ویریفی کیشن سیل، لائبریری، آرٹ گیلری اور دیگر دفاتر کا دورہ کروایا گیا۔ تقریب میں تلاوتِ قران پاک اور قومی ترانے کے بعد ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان ظفراقبال خان اور ڈائریکٹر نیب ڈاکٹر محمد راشد نے موضوع کے اعتبار سے کرپشن کے خلاف آگاہی اور نیب ورکنگ پراظہارخیال کیا۔ انہوں نے طلباء کو اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی بسر کرنے پر زور دیا تاکہ بدعنوانی کے ناسور کی سرکوبی کی جا سکے۔ انہوں نے اقربا ء پروری،اثرو رسوخ کا ناجائز استعمال اور حق تلفی کو بھی کرپشن کی اقسام میں گردانا جن کو عام طور پر حق سمجھا جاتا ہے۔ اس کے بعد ڈی جی نیب بلوچستان نے طلباء کے سوالات کے مفصل جوابات بھی دیئے۔ نیب کی طلباء کو کرپشن کے خلاف آگاہی مہم میں حصہ دار بنانے کا اہم مقصد یہ ہے کہ وہ کرپشن کے مضمرات سے باخبر ہوں، حلال اور حرام میں تمیز کرنا سیکھیں اور مستقبل میں وہ اس ناسور کے خلاف آواز بلند کر سکیں۔ ڈی جی نیب نے مزید کہا کہ ہم آج کل بغیر تصدیق کے کو ئی بھی معلومات ایک دوسرے کے ساتھ سو شل میڈیا کے توسط سے بانٹتے رہتے ہیں جو کہ معاشرے میں بے چینی کی فضاء کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی فلاح و بہبود کے لئے ہم سب کو کوشاں ہونا چاہیے کیونکہ ہر شخص ملت کا معمار ہے۔ انہوں نے حاضرین خصوصاً طلباء سے گزارش کی کہ ہمیں من الحیث القوم اس ناسور کے خلاف آواز اور عملی اقدامات کرنے ہونگے تا کہ ایک مضبوط اور کرپشن سے پاک معاشرہ آگے بڑھ سکے اور اس مقصد کے لئے تعلیم اور شعور ہی ہمارا اولین ہتھیار ہیں۔بعد ازاں وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی نے اپنے خطاب میں نیب بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا اور نیب بلوچستان کی کرپشن کے خلاف آگاہی مہم میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کروائی۔ بدعنوانی کے خلاف آگاہی لیکچر کے بعد ڈی جی نیب، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی، فیکللٹی ممبران اور طلباء نے نیب بلوچستان کے مختلف شعبوں کو معائنہ کیا اس موقع پر متعلقہ شعبہ کے افسران نے انہیں اپنے کام کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا۔