پنجاب میں امیدواروں سے زیادتی ہورہی، سازش کے تحت تیر کا نشان نہیں دیا جارہا،تاج حیدر
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے امیدواروں سے زیادتی ہورہی ہے، سازش کے تحت تیر کا نشان نہیں دیا جارہا۔
سینٹر تاج حیدر نے کہا کہ اہم معاملے پر پریس کانفرنس کررہا ہوں، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 66 کے تحت پارٹی ٹکٹ کا حامل امیدوار ریٹرننگ افسر سے پارٹی کا نشان حاصل کرسکتا ہے، ہمارے 7 امیدواروں کو پنجاب میں پارٹی کا نشان تیر نہیں دیا گیا۔تاج حیدر نے کہا کہ ان امیدواروں کو آزاد امیدوار کی طرح مختلف نشان الاٹ کردیئے، پی پی 163 صوبائی اسمبلی لاہور کے حلقہ سے فیاض بھٹی امیدوار ہیں، بلاول بھٹو کے حلقہ 127 کے ساتھ یہ سیٹ آتی ہے، لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے عدالت سے رجوع کرنے والے تین امیدواروں کو تیر کا نشان الاٹ کر دیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ پی پی 163 کے امیدوار کے لئے بھی ہائی کورٹ نے احکامات صادر کئے، الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا، ریٹرننگ افسر نے بہانے بازی کی اور جھگڑے پر اتر آئے، ریٹرننگ افسر نے بیرسٹر عامر سے بھی شدید بدتمیزی کی اور پولیس بلانے کی دھمکی دی۔انہوں نے کہا کہ جہاں سے پیپلزپارٹی جیت رہی ہے وہاں ہمارے امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دیئے جارہے، ن لیگ کی سازش کے تحت ہمارے امیدواروں کو نشان الاٹ نہیں کیا جارہا۔