سیاسی جماعتیں اور امیدوار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پرامن انتخابات کا انعقاد ممکن ہو، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان منگل کے روز عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک روزہ دورے پر سبی پہنچ گئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ذاہد سلیم، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، سیکرٹری فنانس بابر خان ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری کا کمشنر سبی ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی و دیگر نے استقبال کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت کمشنر آفس سبی میں عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت شفاف اور پرامن الیکشن منعقد کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے انہوں نے ڈویژن کے تمام اضلاع میں عملے کی تعیناتی، پولنگ سٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کیلئے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات بر وقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنائے اور سیاسی جماعتیں اور امیدوار اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پرامن انتخابات کا انعقاد ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق شفاف اور محفوظ انتخابات کے لیے امن کا ماحول بنا رہی ہے اور ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولنگ سٹیشنز پر تمام تر سہولیات(پانی، واش رومز، بجلی) کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن کی ہدایت پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اور ہر پولنگ سٹیشن پر معذور افراد کی سہولت کے پیش نظر ریمپ کی تعمیر کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو بھرپورتعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ کے لیے فنڈز کی فراہمی 22 جنوری تک یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے متعلقہ اضلاع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن کے پانچ اضلاع میں قومی اسمبلی کے 01 اور صوبائی اسمبلی کے 04 نشستوں پر انتخابات ہونگے۔ڈویژن کی آبادی 11 لاکھ 56 ہزار اور رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 46 ہزار ہیں اور ڈویژن کے پانچ اضلاع میں 406 پولنگ سٹیشنز ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، لیویز اور ایف سی تعینات ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے