کوئٹہ کے عوام اپنے مسائل کے حل، ترقی یافتہ کوئٹہ کے لئے تیر کے نشان کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں، سید حسنین ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے حلقہ پی بی 43کوئٹہ سے امیدوار سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی سیاست کی ہے، ہماری سیاست کا محور عوام اور انکے مسائل کا حل کرنا ہے، وقت آگیا ہے کہ کوئٹہ کے عوام اپنے مسائل کے حل، ترقی یافتہ کوئٹہ کے لئے تیر کے نشان کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں، کارکن پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔یہ بات انہوں نے پیر کو شہباز ٹاؤن کوئٹہ میں حلقہ پی بی 43کے رابطہ آفس میں انتخابی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر قاضی قاہر اچکزئی، ایوب آغا، ذوہیب محمد حسنی، قاسم خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ کوئٹہ بلخصوص حلقہ 43میں اس وقت عوام کے مسائل گھمبیر ہوچکے ہیں جنہیں حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مثبت اور تعصب سے پاک سیاست کی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام میں ہمیں پذیرائی مل رہی ہے 8فروری کو عوام تیر کے نشان کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں تاکہ انہیں ایسے نمائندے ملیں جو ہر وقت ان کے درمیان موجود ہونے کے ساتھ مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں۔ سید حسنین ہاشمی نے انتخابی رابطہ مہم کے حوالے سے قائم کمیٹی کو ہدایت کی وہ گھر گھر پارٹی پیغام کا پرچار کریں اور پارٹی کی کامیابی کے لئے بھر پور کردار ادا کریں۔