کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ شہر میں جرائم کی روک تھام، پولیسنگ میں اہم کردار ادا کرسکتاہے، عبدالخالق شیخ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ شہر میں جرائم کی روک تھام،شہریوں کے تحفظ،شر پسند عناصر پر کھڑی نگرانی اور جدید پولیسنگ میں اہم کردار ادا کرسکتاہے۔جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔سیف سٹی پراجیکٹ کی تکمیل سے کوئٹہ شہر میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے گزشتہ سال شہر میں قتل،اغواء اور دیگر جرائم کی شرح میں 20فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس میں پولیس کی موجودگی میں اضافہ،سیکورٹی کیمروں کی تنصیب اور شہریوں کی تربیت میں اہم کردار ہے۔یہ صوبائی حکومت کا ایک اہم منصوبہ ہے جس ک مقصد کوئٹہ شہر جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کو مزید بہتر بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدر لائن کوئٹہ میں سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی پروجیکٹ طارق بزنجو،ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی عامر بلوچ، اے آئی جی آئی ٹی خرم حمید ایس ایس پی آپریشن محمد جواد طارق، ایس ایس پی ٹریفک ظہران خان مندوخیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی رزاق زہری سمیت دیگر افسران بھی موجود تھ۔ آئی جی پولیس بلوچستان کو ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی پروجیکٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت شہر کے 255 اہم اور مختلف مقامات پر 1400سے ذائد سیکیورٹی کیمرے اور دیگر ٹیکنالوجی کی تنصیب کی جا رہی ہے جس میں جدید ترین نگرانی کے طریقہ کار سے شہر کی نگرانی کو بہتر بنایا جا سکے۔ ان کیمروں کی مدد سے جرائم کی روک تھام اور مجرموں کی گرفتاری میں مدد ملے گی۔کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جدید ترین ٹیکنالوجی اور بہترین انسانی وسائل سے لیس ہے۔ اس منصوبے کے تحت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ جرائم کی روک تھام اور ان کا مقابلہ کرنے میں مزید موثر ہو سکیں۔دوسری جانب شہریوں کو جرائم کی روک تھام کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ خود کو اور اپنے اردگرد کے لوگوں کو جرائم سے بچانے میں مدد کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے نتیجے میں کوئٹہ شہر میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ کوئٹہ شہر میں قتل، اغوا اور دیگر جرائم کی شرح میں 20% سے زیادہ کمی آئی ہے۔جس میں شہر میں پولیس کی موجودگی میں اضافے، سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب اور شہریوں کی تربیت کا اہم کردار شامل ہے۔اس منصوبے کی کامیابی سے قانون نافذ کرنے والیاداروں بالخصوص پولیس کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی پورا کرتے ہیں تو اس منصوبے سے جرائم کی روک تھام میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے مزید کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کوئٹہ شہر میں جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کو مزید بہتر بنانے میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس سے علاقوں کی نگرانی،شہر میں امن برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھی مدد کریگا۔