کراچی ،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے میٹرک کا طالبعلم جاں بحق،اہلخانہ سراپا احتجاج
کراچی (ڈیلی گرین گوادر)کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دسویں جماعت کے طالب علم کے قتل کے خلاف اہل علاقہ سڑکوں پر نکل آئے اور بلدیہ حب ریور روڈ پر احتجاج کیا۔ دوسری طرف گزشتہ روز اتحاد ٹاؤن میں لڑائی کے دوران 2 سگے بھائیوں کے قتل میں ملوث ملزم منصور کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور زندگی کا چراغ گل کردیا، مواچھ گوٹھ بسمہ اللہ کالونی میں ملزمان کی فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان مزمل گولیوں کا نشانہ بنا۔ مقتول پانچ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔مقتول کی نمازجنازہ مواچھ گوٹھ کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی۔ جس کے بعد ورثاء نے میت کو بلدیہ حب ریور روڈ پر رکھ کر مظاہرہ کیا۔احتجاج کے باعث بلوچستان سے کراچی کو ملانے والی اہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او ماڑی پور آصف منور اور ایس ایچ او موچکو عدنان موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔
پولیس افسران نے نوجوان کے قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کراتے ہے کہا کہ مواچھ گوٹھ میں تنگ گلیاں ہونے کی وجہ سے پولیس کو گشت میں مشکلات کا سامنا ہے۔مظاہرین اور پولیس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد حب ریور روڈ پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔