بلوچستان کے کھلاڑی مختلف صلاحیتوں سے معمور ہیں، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے اسپورٹس کی ترقی آولین شرط ہے اس مقصد کیلئے ضروری ہے کہ کھیل، کھلاڑی اور کھیل کے میدان کو آباد رکھنا اور فروغ دینا لازمی ہے اس حوالے سے حکومتی کاوشوں کو وسعت دینے اور انھیں ضلع اور تحصیل کی سطح تک لے جانے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوان منشیات سمیت تمام غیر صحت مندانہ سرگرمیوں سے دور رہ کر خود کو جسمانی اور ذہنی صحت سے ہمکنار کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں صوبائی سیکرٹری اسپورٹس جاوید انور شاہوانی شاہوانی کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اسپورٹس بورڈ اجلاس میں گورنر بلوچستان کو ادارے کی کارکردگی اور مسقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد صوبائی اسپورٹس بورڈ اجلاس کا انعقاد اور اسپورٹس کی فعالیت خوش آئند ہے اور محکمہ کھیل و ثقافت کی ان کاوشوں کو مزید نتیجہ خیز بنانے کیلئے جامع اور ٹھوس اقدامات اٹھائے کی ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ صوبے بھر سے وہ سینئر کھلاڑی جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک اور قوم کا نام روشن کیا ہیں ان کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود کیلئے فنڈز مختص کرنے علاوہ دیگر ضروری اقدامات کیے جائیں. صوبے کے تمام ڈویژنز اور چھتیس اضلاع میں کروڑوں روپے سے تعمیر کی گئیں تعمیرات، اسپورٹس کمپلیکس اور پلے گراونڈز کی دیکھ بھال اور بہتری بھی حکومت کی ذمہ داری ہے. گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑی مختلف صلاحیتوں سے معمور ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو تمام ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کیا جائیں تاکہ وہ اپنے صوبے کا نام روشن کرنے کے قابل بن سکیں. محکمہ اسپورٹس بورڈ اجلاس میں موجود شرکاء کی مختلف تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے.