نگران صوبائی وزیر اطلاعات نفرتوں کے خاتمے کی بجائے عوام میں دوریاں پیدا کرنے کاسبب بن رہے ہیں،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہاہے کہ نگران صوبائی وزیر اطلاعات نفرتوں کے خاتمے کی بجائے حکومت اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کاسبب بن رہے ہیں نگران وزیراعلیٰ اور اعلیٰ عدلیہ اسکا نوٹس لے،بلوچستان امن جرگہ نفرتوں کے خاتمے اور امن و بھائی چارے کے فروغ کیلئے کام کر رہاہے اور کسی کو بھی نفرتیں پھیلانے کی اجازت نہیں دیگا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ حکومت کاکام عوام کے مسائل حل کرنااور نفرتوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردارادا کرناہے لیکن نگران صوبائی وزیراطلاعات نے جب سے عہدے کاچارج سنبھالاہے عوام میں نفرتوں میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں جو کسی بھی طرح ملک اورعوام کے مفادمیں نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ نگران وزیراطلاعات اپنے مینڈیٹ میں رہتے ہوئے کام کریں اور عوام اور حکومت کے درمیان دوریاں پیدا کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان امن جرگے کا شروع سے موقف رہا ہے کہ لاپتہ افراد کامسئلہ آئین اورقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کیاجائے نہ کہ لاپتہ افرادکے اہل خانہ کے بارے میں غلط رائے قائم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان امن جرگہ اپنے قیام سے لیکرآج تک قوموں کے درمیان پائی جانے والی نفرتوں اوردشمنیوں کے خاتمے اورامن و بھائی چارے کے فروغ کیلئے کام کر رہاہے اورکسی کو بھی نفرتیں پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیگا۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان اور اعلیٰ عدلیہ صوبائی وزیرداخلہ کے شرانگیز بیانات کا فوری نوٹس لے اورانہیں پابندکیاجائے کہ وہ اپنے مینڈیٹ میں رہتے ہوئے کام کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے