میر محمد اسلم رند نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 42سے امید وار وسابق کونسلر میر محمد اسلم رند نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ یہ اعلان انہوں نے اتوار کو باقر سلیمانخیل، سید صابر حسن شاہ، محمد انعام الحسن اور فاروق کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ میر محمد اسلم رند نے کوئٹہ میں پولیس اہلکار وں کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیوٹیموں پر حملہ اپنے بھائیوں پر حملہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2013 میں بلدیات کا سینئر نمائندہ تھا اس لئے کوئٹہ میٹروپولیٹن کے مئیر کا امیدوار رہا، ایک دن مرکز سے حکم نامہ آیا کہ پشتونخواہ پارٹی کے میئر کو ووٹ دینا ہے اور ڈپٹی میئر مسلم لیگ سے ہوگا جس کے بعد تمام ساتھیوں نے مجھے ڈپٹی مئیر بنے کا کہا جس پر میں نے منع کر دیا کیونکہ میں میر یونس بلوچ کوزبان دے چکا تھا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے بلو چستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 42سے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر نے سفارش کر کے اپنے داماد کو کوئٹہ سے امیدوار بنا دیا ہے جس پر احتجاجاً پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد امیدوار کوئٹہ کی سیاست سے کبھی وابستہ نہیں رہے اور سنے میں آیا ہے وہ سرکاری ملازم بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کی 40 لاکھ کی عوام کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے حلقہ 42 صوبائی اسمبلی سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے امیدوار انتخابات لڑؤں گا،گزشتہ 20 سال میں کوئٹہ شہر کو 50 کھرب 20 ارب روپے ملنے کے باجود شہر بنیادی سہو لیات سے محروم ہے ہمارے ہسپتالوں میں دوسرے صوبوں کے لوگ قبضہ کر رہے ہیں، ہمارے بچے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بیروزگار ہیں جب کوئی ریٹائر ہو تا ہے تو دوسرے صوبے کے شہری اس سیٹ پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے انتخابی نشان "فاختہ "الاٹ کیا گیا ہے جو امن کا نشا ن ہے، ہمارے شہر نے ہمیں بہت کچھ دیا پر ہم نے اپنے شہر کو کچھ نہیں دیا بلکہ الٹا باہر کے لوگوں کو اپنے شہر پر مسلط کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کبھی اپنے عہدے کا غلط استعمال نہیں کیا جسکی وجہ سے آج بھی سینہ تان کر عوام کے سامنے جا سکتا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے