بلوچستان کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں کسی سیاسی جماعت کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے، سیلاب خان اچکزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) مظلوم اولسی تحریک پاکستان بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و حلقہ پی بی45سے امیدوار حاجی سیلاب خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں کسی سیاسی و مذہبی جماعت کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور8فروری کو ووٹ کے ذریعے ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جوصحیح معنوں میں ایوانوں میں جاکرعوام کی خدمت کرسکیں،عوام نے مظلوم اولسی تحریک کے امیدواروں کو کامیاب بنایاتو ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ مایوس نہیں کریں گے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو گنج بائی پاس پرحاجی عبدلغنی کی سربراہی میں رحمت خان،آغا محمد،نصیر احمد،برات خان،خالد خان،عنایت خان اوردیگر کی مظلوم اولسی تحریک کے چیئرمین حاجی صادق خان اچکزئی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شمولیت کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب سے مظلوم اولسی تحریک پاکستان بلوچستان کے رہنماوں حاجی ولی،حاجی سرکار،منان،باچا خان،جمال،نصیر احمد، منان پشتون،ندیم شاہ،ابراہیم نے بھی خطاب کیا اس موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر حاجی نعمت،گل رحمان، علاقائی صدر حاجی عطاء محمد خلجی،حاجی عیسی خان، منان پشتون،نائب صدر حاجی سرکار،نائب صدر حاجی وزیر،نائب صدر حاجی نور محمد اور صوبائی میڈیا کوارڈینیٹر بلوچستان سعید آغا بھی موجود تھے۔مظلوم اولسی تحریک پاکستان بلوچستان کے جنرل سیکرٹری حاجی سیلاب خان اچکزئی نے فولادی یونٹ کے آفس کا افتتاح بھی کیا۔حاجی سیلاب خان اچکزئی نے حاجی عبدالغنی اورانکے ساتھیوں کو مظلوم اولسی تحریک میں شمولیت پرمبارکباددیتے ہوئے کہاکہ انکی شمولیت سے تنظیم مزیدفعال اور منظم ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر بلوچستان کادارالخلافہ ہونے کے باوجود آج بھی تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہے ماضی میں حکومتوں میں رہنے والی مذہبی اورسیاسی جماعتوں کے وزراء اورارکان اسمبلی نے شہر کی تعمیرو ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز شہر کی خوبصورتی پرخرچ کرنے کی بجائے کرپشن کی نذرکئے۔انہوں نے کہاکہ صوبے اور خاص کر کوئٹہ کے عوام باشعورہوچکے ہیں اور8فروری کو ووٹ کے ذریعے ایسی سیاسی اورمذہبی جماعتوں کو مستردکردیں گے جنہوں نے ایوانوں میں جاکر عوام کی خدمت کی بجائے صرف اور صرف اپنے ذاتی مفادات حاصل کئے۔انہوں نے کہاکہ مظلوم اولسی تحریک عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکرمیدان میں نکلی ہے عوام 8فروری کومظلوم اولسی تحریک کے امیدواروں کوووٹ دیکرکامیاب بنائیں انشاء اللہ ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے