بلاول بھٹو زرداری کا پیغام اور منشور گھر گھر پہنچانے کے لئے ہمہ وقت متحرک ہوکر اپنا کردار ادا کریں، روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و حلقہ این اے 263 سے پارٹی کے نامزد امیدوا روزی خان کاکڑنے کہا ہے کہ پارٹی نے ٹکٹوں کی تقسیم کا ایک اہم مرحلہ مکمل کرلیا اور میدان میں مضبوط، باصلاحیت عوام دوست اور حلقے کے مسائل کا مکمل ادراک رکھنے والے امیدواروں کو اتارا گیا ہے۔ جو حلقے کے عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔یہ بات انہوں نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں حلقہ پی بی 42کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں پی بی 42 کوئٹہ کے نامزد امیدوار سید داود آغا، رکن صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی نوید خان تاجک، میجر علی قاسم، حاجی جمعہ، دیدار اچکزئی، کاظم بلوچ، غلام حسین ہزارہ فدا علی اور دیگرنے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس میں حلقہ پی بی 42 کے حوالے سے انتخابی مہم کو مزید تیز تر بنانے کیلئے مختلف تجاویز و حکمت عملی ترتیب دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔روزی خان کاکڑ نے کہا کہ ایک طرف قوم پرست، مذہب پرست اور نام نہاد نیشنل سطح کی سیاست کرنے والی پارٹیاں ہیں دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے جو بلارنگ نسل، مذہب، طبقات اور ہر قسم کے تعصبات سے بلا تر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے پارٹی مختلف نسلوں، زبانوں، قومیتوں اور قبائل کا مشترکہ گلدستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جنگ کسی طبقے، قوم، مذہب یا نسل سے نہیں بلکہ غربت، تنگدستی، پسماندگی، بے روزگاری اور مہنگائی سے ہیں ان مسائل کے خاتمے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سب سے پہلے ملک کے عوام کو درپیش مسائل اور چیلنجز کا ادراک کرتے ہوئے حقیقی اور قابل عمل منشور پیش کردیا جو ملک میں رہنے والے تمام طبقات کے امنگوں کے مطابق ہے۔ انہوں نے اجلاس میں موجود عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس وقت بہت کم ہے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام اور منشور گھر گھر پہنچانے کے لئے ہمہ وقت متحرک ہوکر اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ پی بی 42 کے نامزد امیدوار سید داود آغا نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی قیادت کے مشکور ہیں جنہوں نے ہم پر اعتماد کرتے پارٹی کی نمائندگی کا اہل سمجھا انشاء اللہ میں مرکزی اور صوبائی قیادت کی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا اور چیئرمین بلاول بھٹو کا بیانیہ آگے بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ اجلاس میں حلقہ پی بی 42 کے لیے 16 رکنی ورکنگ کمیٹی سمیت متعدد فیصلے کئے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے