محکمہ کلچر کے آفیسران کرپشن، اقربا پروری اور بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں، نور خان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) فنکار ویلفیئر فورم بلوچستان کے زیر اہتمام چیئرمین نور خان کی قیادت میں محکمہ کلچر کے آفیسران کی کرپشن اور فنکاروں کو نظر انداز کرنے کے خلاف ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ محکمہ کلچر کے آفیسران کرپشن، اقربا پروری اور بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے فنکار نان شبینہ کے محتاج ہو گئے ہیں فنکار بلوچستان میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبورہیں ملک میں سب کے حقوق برابر ہیں لیکن پھر بھی ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کو شش کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کے بھی محتاج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کلچر میں سالانہ فنکاروں کے نام پر اربوں روپے فنڈز مختص کئے جا تے ہیں لیکن ہمیں معلوم نہیں کہ یہ فنڈز کہاں خرچ ہوتے اور کس کی جیب میں جارہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرپٹ آفیسران کا احتساب کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے