عالمی طور پر ملک تنہائی کا شکار ہے بیرونی قرضوں کی جال میں پھنس چکا ہے،عبدالرحیم زیارتوال

ہرنائی(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پی بی7ہرنائی کم زیارت پر پارٹی کے نامزد امیدوار عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ جب ملک میں ون مین ون ووٹ سے انکار کیا گیا تو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے ووٹ کیلئے آوازبلند کی جس کی پاداش میں خان شہید نے 14سال قیدبامشقت برداشت کی ان کی قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں انتخابات کا رواج شروع ہوا لیکن الیکشن کے نام پرملک میں جو کچھ ہوتا رہا اس کے نتیجے میں آج ملک بحرانوں کا شکار ہے، ملک میں سخت ترین مہنگائی، بدترین بیروزگاری ہے، عالمی طور پر ملک تنہائی کا شکار ہے اور بیرونی قرضوں کی جال میں پھنس چکا ہے، ملک کی کل آمدن قرضوں کے سود کی نظر ہوجاتی ہے ہر طرف مایوسی اور ناامیدی کے بادل منڈلارہے ہیں۔ ملک میں کرپشن کا دور دورہ ہے،ملک کو اس بحرانی حالت سے نکالنے کا واحد راستہ صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ہرنائی کے موقع پر مختلف اجلاسوں، شمولیت کے اجتماعات، اولسی جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حفیظ ترین،ضلعی معاونین لعل محمد خوستی،ملک امو جان آکا، رفیق ترین، عنایت اللہ ترین، چیئرمین میونسپل کمیٹی شارگ عطا اللہ شاہ، جعفر خان پشتون، نظام عسکر،حاجی سمیع اللہ ترین،انعام اللہ بابڑ،خالقداد ترین ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر زرغون غر سے ملک محمد نواب خان، محمد انور، محمد شفیق، نعمت اللہ، نذیر لالا، کمال خان،محمد نور، محمد شاہ لالا، حاجی مومن، مشعل خان،کریم خان، لعل شاہ، سابق کونسلر میر حمزہ، کشمیر خان، پائیو خان، وزیر محمد،روزی خان، گل محمد، فیض محمد، محمد لعل، روشان، یار محمد، محبوب، میروائس، خالقداد نے اپنے خاندانوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کلی سرکانڑ،کلی لنڈی اور مل کالونی ہرنائی کے سینکڑوں افراد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ شارگ کلی دوران تنگی میں فرید اللہ ترین،کلی خیرآباد میں نصیب اللہ ترین اور بابڑ محلہ شارگ بازار میں انعام اللہ بابڑ کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے طول وعرض میں پشتونوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، پشتونوں کوسرومال کی حفاظت حاصل نہیں۔پشتونوں کا قومی بٹوارہ جاری ہے اور دوسری جانب انکی قومی معدنی قدرتی خزانوں کا قبضہ جاری ہے۔ پشتونوں کو مردم شماری اور حلقہ بندیوں میں حالیہ نظر اندازی اور ان کے حقوق کی پائمالی تمام پشتونوں کے سامنے ہیں جس پر سوائے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سب نے خاموشی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ پشتونوں پر رزق کے دروازے بندکئے جارہے ہیں، چمن کے ہزاروں لوگوں کا جمہوری دھرنا ساری دنیا اور پورے ملک کے سامنے ہیں، نظر اندازی،امتیازی سلوک، تجارت اور رزق حلال کے دروازے بند کرنے کی پالیسی کے نتائج بھیانک ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے زرغون غر کے عوام سے پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کیلئے پارٹی کے انتخابی نشان ”درخت“ پر مہر ثبت کرنے کی اپیل کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے