آٹھ فروری کو ہم نے آئندہ نسلوں کیلئے ایک مثبت اور موثرسنجیدہ فیصلہ کرنا ہے،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ میر وایس ہوتک، نوری نصیر خان کی سرزمین کے لوگوں نے اپنے قومی اختیاروآئندہ نسلوں کے حقوق کے دفاع کیلئے ہمیشہ مشترکہ جدوجہد کی ہے، آٹھ فروری کو ہم ایک مرتبہ پھراپنے اتحاد سے آئندہ نسلوں کیلئے ایک سنجیدہ فیصلہ کر کے چور دروازے یا کسی کے سہارے اقتدار تک پہنچنے کی کوشش کرنے والوں کا راستہ روکیں گے،یہ بات انہوں نے کوئٹہ کے حلقہ پی بی 41 پشتون آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوانان فلاحی تنظیم کے رہنماؤں رحمت لالا، غنی خان نورزئی،محبوب اچکزئی، حسن وردگ کی قیادت میں وفد سے سراوان ہاؤس میں ملاقات، یوسف ہومز فیز تھری میں پوپلزئی قومی جرگہ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی، قبل ازیں نوجوانان فلاحی تنظیم اور پوپلزئی قومی جرگہ کی مرکزی قیادت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور صوبائی حلقوں پر بلوچستان گرینڈ الائنس کے امیدواروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ کوئٹہ شہر اور صوبے کو ایک حقیقی قومی قیادت کی ضرورت ہے اور عوام سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی انتخابی مہم کا حصہ بن کر آٹھ فروری کو بلوچستان گرینڈ الائنس کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں، اس موقع پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264 سے بلوچستان گرینڈ الائنس کے نامزد امیدوار میر ہمایوں عزیز کرد، پی بی 43 سے امیدوار حاجی اسماعیل نوجوانان فلاحی تنظیم کے رحمت لالا، پوپلزئی قومی جرگہ کے چیئرمین نوراللہ جان پوپلزئی، جنرل سیکرٹری حاجی عبدالباقی پوپلزئی، جوائنٹ سیکرٹری حاجی عزیز اللہ پوپلزئی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے نوجوانان فلاحی تنظیم کی حمایت پررہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان قدیم سے جرگہ کی سرزمین ہے،میر وایس ہوتک، نوری نصیر خان کی سرزمین کے لوگوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کیساتھ ملکر جدوجہد کی ہے اور ہماری یہ روایت اب بھی برقرار ہے،انہوں نے کہاکہ پارلیمان میں ہماری آئندہ قسمت کا فیصلہ کیا جاتاہے اور ہمارا ووٹ ہماری آئندہ زندگی کا ضامن ہے آٹھ فروری کو عوام نے فیصلہ کرنا ہے وہ اپنی آئندہ زندگی کااختیار کس کو دیں گے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام اور کوئٹہ شہر کے لوگوں نے اپنی آئندہ نسلوں کا فیصلہ آٹھ فروری کو انتہائی سنجیدگی سے کرتے ہوئے اپنی آئندہ نسلوں کے حقوق کا دفاع کرنا ہے اور ایسے لوگوں کا راستہ روکناہے جو چور دروازے یا کسی کے سہارے اقتدار تک پہنچنا چاہتے ہیں،پوپلزئی قومی جرگہ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ آٹھ فروری کو اس وطن اور کوئٹہ شہر کے لوگ اپنی آئندہ قسمت کا فیصلہ ووٹ کے ذریعے کرنے جارہے ہیں کہ وہ اپنا قومی اختیار کس کے حوالہ کریں گے،انہوں نے کہاکہ پارلیمان کی ذمہ داری قومی امور پر پالیساں تشکیل دینا ہے پارلیمان اپنے ووٹر، وطن اور سیاسی معاملات اور قومی امور کا امین ہے اور نمائندہ کے انتخاب کا مقصد انتظامیہ اور ریاستی امور پر ایک امین کو بٹھانا ہے اور آٹھ فروری کو ہم نے آئندہ نسلوں کیلئے ایک مثبت اور موثرسنجیدہ فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی بھر پور حمایت پر ان کا مشکور ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ میں اور میرے ساتھی آپ کی قومی امانت میں خیانت نہیں کریں گے، انہوں نے کہاکہ آٹھ فروری کو عوام کی تائید و حمایت اور اتحاد سے فتح کوئٹہ شہر اور صوبے کی ہوگی۔