ہماری تفریق اور تقسیم در تقسیم سے قوم مجموعی طور پر اندرونی کمزوری کا شکار ہو جاتی ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ہم سب ایک ملک اور ایک صوبے کے رہنے والے ہیں ہماری تفریق اور تقسیم در تقسیم سے قوم مجموعی طور پر اندرونی کمزوری کا شکار ہو جاتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم قول و فعل میں تضاد کا خاتمہ کر کے گفتار کے ساتھ ساتھ کردار کے غازی بن جائیں،یہ ہماری قومی روایت ہے کہ ہم ایک دوسرے کے غمی و خوشی میں شریک ہو جاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں سردار اقبال خلجی کی قیادت میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہی پاکستان کی تمام مذہبی اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا حق دینے کا ضامن ہے یہ حقیقت ہے کہ ہماری آولین شناخت بطور انسان ہے اسطرح جغرافیائی، نسلی، لسانی اور مذہبی تقسیم بات کی باتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اکثریت یا اقلیت کی ترجمانی کرنے کی بجائے تمام شہریوں کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کو برابری کی بنیاد پر یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ملک و صوبے کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بھائی چارے، اختلاف رائے کا احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے